ن لیگ ن کے کئی اراکین اسمبلی کاتحریک انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ

مسلم لیگ ن کے کئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں ن لیگ کے اراکین صوبائی اسمبلی اعظم چیلہ، غلام احمد گاڈی، شیخ یعقوب، راشدہ یعقوب، اسلم بھروانہ، آصف کاٹھیا اور چوہدری شہباز شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ن لیگ کے مذکورہ اراکین اسمبلی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد باضابطہ طورپر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔جھنگ سے ن لیگ کی رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ اور صاحبزادہ نذیر سلطان بھی عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ صاحبزادہ نذیرسلطان نے 2013 کے انتخابات میں میں آزاد حیثیت سے جھنگ سے قومی اسمبلی کی نشست جیتی تھی۔اس کے علاوہ ن لیگ کے ایم این اے غلام رسول ساہی اور سابق اسپیکر افضل ساہی نے بھی عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔افضل ساہی نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا کہ حب الوطنی کے تقاضے کے تحت تحریک انصاف میں شامل ہو رہا ہوں اور ن لیگ کے ساتھ مزید وابستگی نہیں رکھ سکتا۔دوسری جانب تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی مسرت احمد زیب نے بھی قومی اسمبلی کی نشست سے استعفی دے کر ن لیگ میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔