شہید کرنل سہیل عابدفوجی اعزازکے ساتھ سپرد خاک

وہاڑی:کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی الماس میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید کرنل سہیل عابد کو فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ شہید کرنل سہیل عابد کا جسد خاکی قومی پرچم میں ان کے آبائی گاؤں 91 ڈبلیو بی وہاڑی پہنچایا گیا جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ اس موقع پران کے اہل خانہ نے شہادت پرفخرکا اظہارکیا لیکن کہیں جذباتی مناظربھی نظرآئے۔ نمازجنازہ میں شہید کے عزیزواقارب، اہل علاقہ، پاک فوج اور سول افسران نے شرکت کی، شہید کرنل کو وہاڑی کے مقامی قبرستان میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی تدفین میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کرنل سہیل عابد شہید کے سوگواروں میں 3 بیٹیاں اورایک بیٹا شامل ہیں۔ ان کے بھائی اوروالد کا کہنا تھا کہ سہیل عابد نے قوم کے لیے قربانی دی، ان کی شہادت پر سرفخر سے بلند ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے کرنل سہیل عابد کی شہادت پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ بہادرافواج سرزمین پاک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پرعزم ہوکرلڑتی رہیں گی، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔