راولپنڈی :سیکورٹی فورسز نے کوئٹہ کے علاقے چمن ہاوسنگ اسکیم کے قریب ایف سی مدد گار سینٹر پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے5 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق5 دہشت گردوں نے کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر حملے کی کوشش کی جسے سیکورٹی فورسز نے ناکام بنادیا۔ بارود اور اسلحہ سے بھری گاڑی میں سوار 5 خود کش بمباروں نے ایف سی سینٹر پر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ایف سی کے چاک و چوبند اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں داخل ہونے سے روک دیا۔پاک فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فورسز کی بروقت کارروائی میں تمام حملہ آور مارے گئے اور حملہ آور بظاہر افغان تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی یہ ناکام کارروائی گزشتہ روز کلی الماس کے علاقے میں اہم دہشت گردوں کی ہلاکت کا ردعمل تھا۔پاک فوج کے مطابق ایف سی مددگار سینٹر پر اب صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 4 جوان زخمی بھی ہوئے۔قبل ازیں وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی بھی واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی مدد گار سینٹر پہنچ گئے تھے۔وزیر داخلہ بلوچستان نے تصدیق کی تھی کہ دہشت گردوں نے ایف سی کے مدد گار سینٹر پر حملہ کیا۔میڈیا سے گفتگو میں ان کاکہنا تھاکہ ہم دہشت گردوں کا آخری دم تک مقابلہ کریں گے، ہمارے اہلکار آج دہشت گردوں کے خلاف شیروں کی طرح لڑے۔