راولپنڈی: چینی سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کی سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ،ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی اور علاقائی سیکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات جی ایچ کیو میں ہوئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک چین تعلقات مثالی اور باہمی اعتماد پر محیط ہیں،جبکہ چینی جنرل ژینگ یوژیا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا کردارقابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی تمام دہشت گرد گروپس کے خلاف کارروائیوں کو سراہتے ہیں، چینی جنرل ژینگ یوژیا نے کہا کہ پاکستان اور چین باہمی بھائی ہیں، دونوں ممالک مثالی دوست اور اسٹریٹجک پارٹنر ہیں۔چینی جنرل کا کہنا تھا کہ مشرقی ترکستان اسلامک موومنٹ کے خلاف بھی پاکستان کی کارروائیاں قابل قدر ہیں، سی پیک سے چین اور پاکستان دونوں کو مثالی فائدہ ہوگا، سی پیک کی سیکیورٹی کے لئے پاک فوج کےاقدامات اطمینان بخش ہیں۔