قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ آج وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں نگراں وزیر اعظم کے لیے مجوزہ ناموں پر غور کیا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم حکومت کی جانب سے مجوزہ نام پیش کریں گے جب کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نگراں وزیراعظم کے لیے اپنے نام سامنے لائیں گے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات کے دوران کسی نام پر اتفاق ہونے پر نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔ یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم کے لیے مروجہ طریقہ کار کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی طرف سے نام سامنے آتے ہیں اور کسی ایک نام پر اتفاق ہونے پر اسے نگراں وزیراعظم نامزد کردیا جاتا ہے۔ پہلے مرحلے میں کسی نام پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں نگراں وزیراعظم کے انتخاب کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جاتا ہے اور اگر کمیٹی بھی کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکے تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جاتا ہے، اور الیکشن کمیشن مجوزہ ناموں میں سے کسی ایک موزوں شخص کا انتخاب کرتا ہے۔