گلوکارہ، ماڈل اور اداکارہ میشا شفیع نے ایک مرتبہ پھر الزام عائد کیا ہے کہ انہیں صرف گلوگار علی ظفر نے ہراساں کیا۔حال ہی میں ایک خاتون نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے طنزیہ پیغام میں گلوکارہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میشا شفیع کے پورے کیریئر میں انہیں بس علی ظفر نے جنسی طور پر ہراساں کیا، باقی سب لڑکے تو انہیں باجی بہن کہہ کر دور دور سے سلام لیتے ہیں، نہ ذاتی میسجز کرتے ہیں بلکہ نظریں جھکا کر چلتے ہیں۔مذکورہ خاتون نے میشا شفیع پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ کیا صرف علی ظفر ہی ایسے تھے، ان کے ساتھ کام کرنے والے باقی مرد دودھ کے دھلے ہیں؟ ساتھ ہی انہوں نے گلوگارہ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ایک سچی خاتون ہیں تو باقی سب کا بھی نام لیں۔میشا شفیع نے مذکورہ خاتون کی جانب سے خود پر تنقیداور تمسخر اڑائے جانے کے جواب میں کہا کہ ہاں صرف علی ظفر نے مجھے ہراساں کیا، لیکن اُس نے صرف مجھے ہی ہراساں نہیں کیا۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا مزید 6 خواتین کا بھی علی ظفر کے خلاف سامنےآنا کافی نہیں؟ساتھ ہی میشا شفیع نے شکوہ کیا کہ آخر کتنی خواتین سامنے آکر حقیقت بتائیں؟مجھے تعداد بتائیں۔واضح رہے کہ گلوکارہ میشا شفیع نے گزشتہ دنوں معروف گلوکار اور اداکارعلی ظفر پر اُنہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔بعد ازاں جواب میں علی ظفر نے گلوکارہ میشا شفیع کے نام ہتک عزت کا نوٹس بھجوایا جس میں میشا شفیع سے معافی مانگنے کا مطالبہ یا بصورت دیگر ہرجانہ ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔