شریف برادران میں کوئی اختلاف نہیں ۔ مشاہد اللہ

لاہور:وفاقی وزیرمشاہد اللہ نے کہا ہے کہ خواہ کچھ بھی ہوسابق وزیراعظم نوازشریف کا بیانیہ پارٹی پالیسی رہے گا۔ لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جب ان سے سوال کیا گیا کہ نوازشریف کے حالیہ بیانیے سے ن لیگ میں بعض ارکان نے تحفظات کا اظہار کیا ہے،اس بارے میں ان کا کیا کہنا ہے تومشاہد اللہ نے کہا کہ خواہ کچھ بھی ہو نوازشریف اپنے بیانیے پرقائم رہں گے ۔ انھوں نے کہا کہ میری اطلاعات کے مطابق ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بیشتر ارکان نے پارٹی اوراپنے قائد نوازشریف کی بھرپورحمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں صرف چند لوگوں کو نوازشیرف کے بیانیے پر تحفظات تھے۔ ن لیگ ایک سیاسی جماعت ہے جس میں ارکان کو اختلاف رائے کی اجازت ہے۔ خواہ کچھ بھی ہو نوازشریف کی دی ہوئی پالیسی پارٹی پالیسی رہے گی ۔ انھوں نے شریف برادران کے درمیان کسی بھی اختلاف کے تاثر کو رد کردیا اورکہا کہ شہبازشریف پارٹی کے صدر ہیں لیکن وہ نوازشریف کی قیادت کے دائرے میں آتے ہیں۔