کراچی: سندھ کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں گزشتہ کئی برسوں سے زیرِالتوا ہائی پروفائل مقدمات کواب فوجی عدالتوں میں بھیج دیا گیا ہے۔ فوجی عدالتوں میں بھیجے گئے مقدمات میں کراچی کے 7 اور سکھر کے 6 مقدمات ہیں جن میں سانحہ نشتر پارک ، انسداد پولیو ورکر ٹیم پرحملہ، سچل بم دھماکا اور دیگر مقدمات شامل ہیں ۔ فوجی عدالت منتقل کئے گئے مقدمات میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور کالعدم لشکرِ جھنگوی سمیت ہائی پروفائل دہشت گرد امین عرف معاویہ، ممتاز عرف فرعون، امجد صابری قتل کیس میں سزائے موت پانے والے اسحاق بوبی کے خلاف 3 مقدمات اور دیگر 15 سے زائد دہشت گرد بھی شامل ہیں۔ مقدمات کے حوالے سے انسداد دہشت گردی اور سیشن عدالتوں کو مقدمات کی فہرست بھی موصول ہوگئی ہے اورملزمان کی تحویل اور مقدمات کی فائل کے لئے عدالتوں سے رجوع کرلیا گیا ہے۔