سابق وزیراعظم کے معاملے پر چیئرمین نیب کی طلبی پر کوئی دباؤ نہیں

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چیئرمین چوہدری محمد اشرف نے کہاکہ نواز شریف کے معاملے پر چیئرمین نیب کی طلبی پر ہم پر کوئی دباؤ نہیں،چیئرمین نیب کو سابق وزیراعظم کو پریس ریلیز جاری کرنے پر22مئی کو بلایاہے۔ انہوںنے کہاکہ نیب قانون کی شق پانچ کے تحت ملزم وہ ہے جس کے خلاف قانونی ثبوت جمع ہوں، قانونی ثبوت قائم ہوں اس سے پہلے کوئی ملزم نہیں بنتا لہذا اس معاملے میں نیب ایکٹ کی بھی خلاف ورزی ہوئی ہے۔جبکہ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کے گورنر یا نمائندے کو بھی ریکارڈ لانے کا کہا ہے۔قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا،پارلمینٹ نے کمیٹی کے سپرد ایک کام کیا ہے، آرٹیکل 4 اور 114 کے تحت ہرشہری کے وقار کو ریاست نے قائم رکھنا ہے، ریاست کی ذمہ داری اداروں کے ذریعے ادا کی جاتی ہے۔