خبردار- عراق جانے والے اپنے ساتھ نسوار نہ لے جائیں

اسلام آباد:عراق میں پاکستانی مشن کے حکام نے ہم وطن پاکستانیون کو تلقین کی ہے کہ وہ عراق آتے ہوئے اپنے ساتھ ’’ نسوار‘‘ نہ لائیں کیونکہ مشرق وسطیٰ کے ممالک میں ایسے افراد کو گرفتار کرلیا جاتا ہے جن کے پاس سے نسوار برآمد ہوتی ہے۔ بغداد میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بعض پاکستانیوں کو عراق کے ایئرپورٹس پرمحض اس بنا پرگرفتارکرلیا گیا کہ ان کے پاس سے نسوار برآمد ہوئی تھی جسے وہاں ایک قسم کا نشہ تصورکیا جاتا ہے۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ گرفتار افراد میں زیادہ ترپختون ہیں جو نسواراستعمال کرتے ہیں۔ ڈائریکٹرجنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کراچی کو عراق میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے بھیجے گئے خط میں مزیہد کہا گیا ہے کہ اگرچہ نسوار کی برامدگی پر گرفتار پاکستانیوں کو بعد میں رہا کردیا جاتا ہے لیکن اس دوران نسوار کی چانچ پڑتال میں اتنا وقت لگتا ہے کہ گرفتار افراد کو یہ عرصہ جیل میں گزارنا پڑ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ایسے بھی واقعات ہوئے ہیں کہ بعض افراد نسوار لے جانے کی آڑ مین منشیات لے جاتے ہوئے بھی پکڑے گئے ہیں جو ملک کی بے عزتی کا باعث بنتے ہیں اور انھیں وہاں سخت سزا ہوجاتی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عراق آنے والوں کیلئے ملک کے ہوائی اڈوں پر تنبیہی نمایاں کرکے پیغامات لگائے جائیں جن میں نسوار لے جانے کے بارے منع کیا گیا ہو۔