شہر قائد میں شدید گرمی: پارہ42 ڈگری تک پہنچ گیا

 

کراچی: شہر قائد میں آج شدید گرمی ، پارہ 42 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں ہیٹ ویو کی لہر کا گرم ترین دن کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اس وقت سمندری ہوائیں بند ہوچکی ہیں اور بلوچستان سے خشک ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب کم ہے۔ کراچی میں دن میں نمی کا تناسب 40 سے 50 فیصد رہے گا اور شام کے وقت نمی کا تناسب 15 سے 25 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک کا شہر کا درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچ گیا ہے اور موجودہ ہیٹ ویو کی لہر کا آج گرم ترین دن ہوسکتا ہے۔ جب کہ کراچی میں گرمی کی شدت مزید 5 روز تک برقرار رہے گی۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں اور بالخصوص موٹرسائیکل سواروں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سےباہر نہ نکلیں اور باہر نکلنے کی صورت میں گیلا کپڑا سرپر رکھیں تاکہ دھوپ کی شدت سےمحفوظ رہا جاسکے۔