اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے چیمبر میں پارلیمانی جماعتوں کے اراکین کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پی پی ، پی ٹی آئی ، قومی وطن پارٹی ،جماعت اسلامی سمیت فاٹا کے ارکان نے شرکت کی جبکہ ایم کیو ایم اور جے یو آئی (ف) کے ارکان اجلاس میں شریک نہ ہوئے۔اجلاس میں قومی اسمبلی میں پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں فاٹا اصلاحات پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔اس موقع پر بیرسٹر ظفراللہ کا کہنا تھا کہ آج کا اجلاس مجوزہ فاٹا قانون کی تیاری کے حوالے سے تھا اب باقاعدہ اجلاس پیر کو دوپہر ایک بجے متوقع ہے۔ بیرسٹر ظفراللہ اور وزارت قانون کے حکام نے مجوزہ بل پر بریفنگ دی جب کہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کے حوالے سے حکومتی بل کا جائزہ لیا گیا۔ جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے بتایا کہ فاٹا اصلاحات پر اتفاق رائے پایا جاتا ہےاور دو تین دن بعد بل اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔