اسلام آباد:وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی اوراہم وفاقی وزرا شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سلامتی و سرحدی سیکیورٹی سمیت خطے کی صورتحال اورملک میں حالیہ دہشت گرد ی کے واقعات پربھی غورہوا ۔ اجلاس میں بھارت کی مسلسل سرحدی خلاف ورزیوں، خطے کی مجموعی سلامتی کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں ، آپریشن ردالفساد کے نتائج اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے سفارتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔قومی سلامتی کمیٹی کا اس ہفتے میں بلایا گیا یہ دوسرا اجلاس تھا، اس سے پہلے 14 مئی کو پاک فوج کی تجویزپرسابق وزیراعظم نوازشریف کے ممبئی حملوں سے متعلق متنازع بیان کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔