اسلام آباد:پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ٹی وی چینلزپرپانچ وقت اذان نشر کرنے کے احکامات کی خلاف ورزی پر45 ٹی وی چینلز کو حتمی انتباہ جبکہ غیرملکی مواد کی نشریات پر پابندی کے احکامات کی خلاف ورزی پر 5 ٹی وی چینلز کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ پیمرا نے ٹی وی چینلز کوعدالت عالیہ کے احکامات پرفوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ تمام چینلز کو مطلع کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں مزید کسی تاخیر کے چینل کے لائسنس کی معطلی کے لیے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے’جیو کہانی اور ’فلمیزیا‘ نے یکم رمضان کو بھارتی ڈرامے نشر کئے، جن پر پیمرا نے دونوں چینلز کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے غیر ملکی مواد فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پیمرا نے اے آر وائی ڈیجیٹل ، ٹی وی ون اوربول نیوز پرعدالتی احکامات کے برخلاف ’ل اٹری شوز‘ دکھانے پر اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرتے ہوئے مذکورہ پروگرام فوری بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ پیمرا نے تمام چینلز کو فوری طور پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے 25 مئی 2018 کو جواب کے ہمراہ ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔