قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ایل او سی کی خلاف ورزی کی سخت مذمت

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی اور اہم وفاقی وزرا نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی داخلی و سرحدی سیکیورٹی صورتحال اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات پرغوراور ایل اوسی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سکیورٹی فورسز پرحملوں کی مذمت اور کرنل سہیل عابد و دیگر اہلکاروں کی شہادت پربھی افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں مالی ٹرانزیکشن کے فول پروف نظام کے بارے میں اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی اورخطے اور مشرقی و مغربی سرحدی سیکیورٹی کی صورت حال، دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور آپریشن ردالفساد کے نتائج کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پروزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فلسطین کے معاملے پر ہونے والے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت سےمتعلق بھی کمیٹی کواعتمادمیں لیااس کے علاوہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے حوالے سے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے سے متعلق اقدامات پر بھی شرکاء کو بریفنگ دی گئی۔