واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا کہ عالمی بینک کے صدر سے سندھ طاس معاہدے،کشن گنگا اور رتلے سمیت دیگر بھارتی منصوبوں کا معاملہ اٹھائیں گے ۔اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے متنازع ڈیم پر بھارت کو کئی تجاویز دی گئیں لیکن پڑوسی ملک نے یکطرفہ طور پر منصوبوں پر کام جاری رکھا جب کہ بھارت کو بتایا گیا تھا کہ ڈیم کا ڈیزائن تبدیل کردیں جس کے بعد سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ معاہدے کی حفاظت کے لیے عالمی بینک کے صدر سے بات کریں گے اور انہیں بتائیں گے کہ بھارت کی جانب سے معاہدوں کی پاسداری نہ کرنا غلط بات ہوگی۔یاد رہے کہ پاکستان کے شدید احتجاج اور اعتراضات کے باوجود بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز متنازع کشن گنگا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا افتتاح کیا تھا ۔