کراچی :چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے احکامات پرنیب نے بحریہ ٹاؤن کے منصوبوں کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے،تحقیقات کا آغاز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں منصوبوں کے خلاف کیا گیاہے۔بیان کے مطابق چیئرمین نیب نے متعلقہ ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایات دی ہیں کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف تفتیش کو تین ماہ میں قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائیںاور عدالتی فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔واضح رہے کہ4مئی کو سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اپنے اکثریتی فیصلے میں کراچی میں بحریہ ٹاؤن کی اراضی سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کو سرکاری زمین کی الاٹمنٹ کو غیر قانونی قرار دے دیا تھا۔عدالت نے اپنے اس فیصلے میں معاملہ نیب کو بھیجنے اور تین ماہ میں تحقیقات مکمل کر کے ذمہ داران کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔