لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی کا راز اچھی قیادت میںہوتی ہے، نااہل قیادت کی وجہ سے پاکستان کا جغرافیہ اور نظریہ خراب ہوگیا ہے۔ منصورہ لاہور میں دعوت افطار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسلامی نظام کے مخالف امریکی ایجنٹ ہیں، کرپشن کا خاتمہ نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ میں ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ رمضان میں ہمیشہ بڑے بڑے انقلاب برپا ہوئے ہیں، ان میں سب سے بڑا انقلاب قرآن شریف کا نزول ہے، بدر کا معرکہ رمضان میں ہوا،رمضان میں فتح مکہ ہوا، سندھ میں محمد بن قاسم نے راجا داہر کو شکست دی، ہندوستان کے مسلمانوں کو رمضان میں آزادی ملی،سراج الحق کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں اسلامی نظام کے رائج ہونے میں رکاوٹ ہیں، ہم ملک سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ چاہتے ہیں، 70 سال گزر گئے ملک میں اسلامی نظام رائج نہ ہوسکا۔ان کا کہنا تھا کہ رمضان کریم کا پیغام اللہ کو راضی کرنا ہے، رمضان کا مہینہ قرآن کا مہینہ ہے، قرآن ہماری زندگی گزارنے کا چارٹر ہے. رمضان جہاد کامہینہ ہے، قوم آئندہ انتخابات میں اسلامی نظام کو ووٹ دے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر اب تک اتفاق نہ ہونا افسوسناک بات ہے، سیاست دان جب کسی معاملے پر متفق نہیں ہوتے تو پھر فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں۔