کراچی :وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہوا جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں سندھ کابینہ نے اسلحہ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دیدی ،جس کے تحت اب ایک فرد کے 4 سے زائد اسلحہ رکھنے پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق سندھ کابینہ نے اسلحہ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد اب کوئی بھی فرد جتنے چاہے لائسنس اور ہتھیار رکھ سکے گا، اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کرانے میں دسمبر 2018 تک توسیع کر دی گئی ہے۔صوبائی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ کابینہ نے زراعت پر آبیانہ ختم کردیا ،آبیانہ کی جگہ زرعی اِنکم ٹیکس وصول کیا جائے گا، یہ سندھ کابینہ کا بڑا اہم فیصلہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ زرعی اِنکم ٹیکس 50 ایکڑ یا 12 لاکھ روپے سالانہ آمدن پر وصول کیا جائے گا۔