لاہور: ہائی کورٹ نے صوبائی وزیر رانا مشہود کی جانب سے حلقہ بندیوں کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔ لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے درخواست کی سماعت کی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کی جانب سے پی پی 149 اور پی پی 150 کی حلقہ بندیوں کو عدالت میں چیلنج کررکھا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی پی 149اور پی پی 150کی حلقہ بندیوں میں تبدیلی بددیانتی پر مبنی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دیا جائے۔ جسٹس شاہد کریم نے رانا مشہود کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔