کراچی: سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے پارلیمانی جماعتوں کی جانب سے مختلف ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی جانب سے 3 نام زیر غور ہیں۔ نگراں سیٹ اپ کے لئے پارلیمانی جماعتوں کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے تاہم اب تک کسی پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن کے درمیان وزیراعلیٰ ہاؤس میں کل رسمی ملاقات ہوگی جبکہ باضابطہ طور ملاقات 24 مئی کو ہوگی۔پیپلز پارٹی کی جانب سے نگران وزیر اعلی کے لئے 3 ناموں پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے جن میں حمید سومرو، ڈاکٹر یونس سومرو اور جسٹس (ر) غلام سرور کورائی شامل ہیں۔ سندھ حکومت کا ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، ڈاکٹر قیوم سومرو، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سمیت دیگر ناموں پر بھی غورجاری ہے۔ دوسری جانب ایم کیوایم سابق مشیر داخلہ آفتاب احمد شیخ اور دیگر ناموں پر غور کررہی ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل کی جانب سے سید غوث علی شاہ کا نام دیا جاچکا ہے۔ تاہم تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کی جانب اب تک نگراں وزیراعلی کے لئے نام پیش نہیں کئے گئے ہیں۔