اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے رکن ملکوں کے ساتھ تعاون کے لئےتیار ہے اور رکن ملک پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے انسداد دہشت گردی سے متعلق اجلاس میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اہم کردار ادا کرسکتی ہے کیونکہ تنظیم کا مقصد ممبر ملکوں کے درمیان امن اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون اور روابط بڑھانا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم میں باہمی تجارت، توانائی اور معاشی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا پاکستان دہشت گردی سے سب سے متاثر ہے اور پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 120 ارب کا نقصان ہے اور ہزاروں جانیں قربان کیں۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف مربوط پالیسی مرتب کی۔ ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایس سی او ملکوں کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہیں اور رکن ملک پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔