بارکھان میں پکوڑے فروش سے بدسلوکی کرنے والے 3 لیویز اہلکار معطل

بارکھان: بلوچستان کے ضلع بارکھان میں پکوڑے فروش سے بدسلوکی کرنے والے 3 لیویز اہلکار معطل کردیئے، واقعے کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بارکھان سے رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لیویز اہلکاروں کی پکوڑے فروش سے بدسلوکی کا واقعہ پیش آیا۔ اہلکاروں کی جانب سے پکوڑہ فروش کا اسٹال اور دیگر سامان الٹ دیا اور پکوڑے فروش کے ساتھ تلخ کلامی بھی کی۔ جس کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بارکھان سے رپورٹ طلب کرلی اور ڈپٹی کمشنر کو پکوڑے فروش کا نقصان پورا کرنے اور معاوضہ ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔بارکھان کے ڈپٹی کمشنر منیر احمد کاکڑ نے پکوڑے فروش سے بدسلوکی کے معاملے میں ملوث 3 لیویز اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔ جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں انکوائر ی کمیٹی بھی تشکیل دے دی جو اس واقعے کی مکمل چھان بین کر رہی ہے۔