فاروق ستار کا وزیراعلیٰ سندھ کو 48 گھنٹے میں معافی مانگنے کا الٹی میٹم

اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے وزیراعلیٰ سندھ کو 48 گھنٹے میں معافی مانگنے کا ایلٹیمٹم دے دیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے وزیر اعلیٰ کی سندھ اسمبلی میں تقریر کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراد علی شاہ نے مہاجروں کی دل آزاری کی ہے۔ پوری مہاجر کمیونٹی پر نفرت اور تعصب انگیز انداز میں لعنت بھیجی گئی جس پر سندھ کے شہروں میں اشتعال اور شدید ردعمل پایا جاتا ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ مہاجر صوبے کا بیج پاکستان پیپلز پارٹی نے بویا، 1972 میں زبان اور کوٹہ سسٹم بل سے سندھ کی تقسیم کی بنیاد رکھی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے اگر جنوبی سندھ صوبہ بنانے کا فیصلہ کیا تو ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، مراد علی شاہ شر انگیز جملوں پر مہاجروں سے 48 گھنٹے میں معافی مانگیں ورنہ نماز تراویح کے بعد احتجاج کریں گے۔