اسلام آباد: نئے کاغذات نامزدگی میں اہم معلومات کے کالمز شامل نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
اس بات کا انکشاف عین اس وقت ہوا ہے جب تمام فارمز کی پرنٹنگ مکمل ہوچکی ہے اور انہیں چاروں صوبوں میں بھیج بھی دیا ہے۔ عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی فارم سے دہری شہریت، قرضوں، مقدمات، تعلیم، پیشہ، ڈیفالٹر اور تین سالہ ٹیکس کی معلومات کا کالم حذف کردیئے گئے ہیں۔
فارم میں امیدوار ختم نبوت پر ایمان رکھنے کا حلف نامہ دے گا اور آرٹیکل 62،63 پر پورا اترنے کا ڈیکلریشن دے گا۔ فارمز سے امیدوار کے بیرون ملک دوروں کی تفصیلات بھی نکال دی گئی ہیں جس کے نتیجے میں امیدوار اقامہ ظاہر نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ کاغذات نامزدگی فارمز پہلی مرتبہ الیکشن کمیشن کی بجائے ارکان پارلیمنٹ نے خود تیار کرائے ہیں۔
Tags کاغذات نامزدگی کالمز