آج کچھوؤں کا عالمی دن ہے۔ یہ دن ہر سال 23مئی کومنایا جاتا ہے ۔اس دن کا مقصد کچھوے کی اہمیت اور اس کے تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔کچھوا زمین پر پائے جانے والے سب سے قدیم ترین رینگنے والے جانداروں میں سے ایک ہے۔ یہ اس زمین پر آج سے لگ بھگ 21 کروڑ سال قبل وجود میں آیا تھا۔
کچھوے دیگر جانوروںسے اس لحاظ سے بھی منفرد ہیں کہ ان میں پانی اور خشکی دونوں میں زندہ رہنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ یہ کچھوے قدیم وقتوں سے آج تک مختلف ماحول میں اور حادثوں کے باوجود اپنی نسل کو زندہ رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ساتھ ساتھ کچھوؤں نے ماحول کی تبدیلی کے ساتھ اپنی عادات بھی بدلی ہیں۔
ایک کچھوے کی اوسط عمر بھی بہت طویل ہوتی ہے۔ عام طور پر ایک کچھوے کی عمر 30 سے 50 سال تک ہوسکتی ہے۔ بعض کچھوے 100 سال کی عمر بھی پاتے ہیں۔ سمندری کچھوؤں میں سب سے طویل العمری کا ریکارڈ 152 سال کا ہے۔
عالمی ادارہ برائے تحفظ فطرت آئی یو سی این کے مطابق دنیا بھر میں کچھوؤں کی 300 میں سے 129 اقسام اپنی بقا کی جدوجہد کر رہی ہیں۔ یہ اقسام معمولی یا شدید قسم کے خطرات سے دو چار ہیں۔کچھوؤں کی ممکنہ معدومی اور ان کی آبادی میں کمی کی وجوہات ان کا بے دریغ شکار، غیر قانونی تجارت، اور ان پناہ گاہوں میں کمی واقع ہونا ہے۔