ترجمان پاک فوج میجرجنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ کل بھوشن یادیو کی گرفتاری پاکستان میں بھارتی مداخلت کا بڑا ثبوت ہے ۔ اسلام آباد میں ساؤتھ ایشین میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج میجرجنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اوربھارت سے جنگ نہیں چاہتا، جنگ مسائل کا حل نہیں لیکن اگرجنگ مسلط کی گئی تو بھرپورجواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے مذاکرات کیلئے تیارہیں تاہم مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی۔
انھوں نے کہا کہ جنگ ناکام اورمذاکرات ہی کامیاب حکمت عملی ہے، باہمی اعتماد پر مبنی مثبت بات چیت ہی ملکوں کو آگے لے جاسکتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کی حمایت کی ہے،بھارت ہی مذاکرات سے بھاگتا رہا ہے۔ترجمان پاک فوج نے اُڑی اورپٹھان کوٹ حملوں سے متعلق سوال پرکہا کہ دو حملوں کی بات کی جاتی ہے لیکن پاکستان میں توکئی بڑے دہشت گرد حملے ہوچکے ہیں اورکلبھوشن یادیو کی گرفتاری بھارتی مداخلت کا ثبوت ہے۔