شوکت عزیز اور لیاقت جتوئی کے خلاف نیب ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری

 

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور لیاقت جتوئی سمیت دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظور دے دی۔

نیب اعلامیہ کے مطابق نیب چیئرمین جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا ،جس میں مختلف اداروں اور منصوبوں میں کرپشن کی تحقیقات اور ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق وزیر پانی و بجلی لیاقت جتوئی، سابق سیکرٹری وزارت پانی و بجلی اسماعیل قریشی و دیگرکے خلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی،

اجلاس میں میٹرو بس ملتان منصوبے کیلئے زمین کی غیر قانونی خریداری و ٹھیکے دینے کی تحقیقات کی منظوری کے ساتھ ساتھ سی ڈی اے افسران اور پارک لائن اسٹیٹ کمپنی کیخلاف محکمہ جنگلات کی زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات کی منظوری بھی دی گئی۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی لاہور سہیل عمرو دیگر کے خلاف تحقیقات عدم ثبوت پر بند کرنے کی منظوری جبکہ ای او بی آئی انتظامیہ اور بینک آف پنجاب کے خلاف غیر قانونی حصص خریداری کی انکوائری کی منظوری بھی دی،

اجلاس میں لیاری ایکسپریس وے ری اسیٹلمنٹ پروجیکٹ کراچی کے افسروں کیخلاف انکوائری کی منظوری کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ کے سابق معاون خصوصی پہلاج مل کیخلاف انکوائری اورکوئٹہ سے سابق ایم این اے ناصر شاہ و دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔