اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت رقم منتقل کرنے کے الزام پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف نے مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت رقم منتقل کرنے کا الزام عائد کرنے پر قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔ قانونی نوٹس کے مطابق چیئرمین نیب کے الزامات کو قبل از انتخابات دھاندلی قرار دیا گیا۔
سابق وزیراعظم نے مطالبہ کیا ہے کہ چیئرمین نیب توہین آمیز پریس ریلیز پر 14 روز میں ایک ارب روپے کا ہرجانہ ادا کریں اور 14 روز کے ہی اندر معافی مانگیں اور انگریزی اور اردو کے اخبارات میں باقاعدہ معافی نامہ شائع کرایا جائے۔
قانونی نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ معافی نہ مانگنے اور ہرجانہ ادا نہ کرنے پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Tags چیئرمین نیب نواز