کراچی: تحریک انصاف کی سابقہ رہنما فوزیہ قصوری نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کردیا ہے ۔ پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرکے پی ایس پی میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پرمصطفیٰ کمال نے فوزیہ قصوری کی پی ایس پی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اورکہا کہ فوزیہ قصوری کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت سے ان کے نظریے کی توثیق ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ آج ہمارے 18 ایم پیزاور4 ایم این ایز ہیں ۔ لوگ صحیح اور غلط میں تمیز کرکے پی ایس پی میں شامل ہورہے ہیں۔ اس سے پہلے فوزیہ قصوری نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا جسے انھوں نے منظورکرلیا تھا جس کے بعد فوزیہ قصوری باقاعدہ طور پر تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت سے فارغ ہوگئی تھیں ۔
چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے فوزیہ قصوری کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا ۔واضح رہے کہ فوزیہ قصوری تحریک انصاف کی دیرینہ کارکن تھیں جو عرصہ دراز سے پارٹی کے ساتھ منسلک تھیں اورانہوں نے عمران خان کی قیادت میں پارٹی کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں لیکن اب پارٹی پالیسی سے اختلافات کی بناپرانہوں نے پارٹی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
فوزیہ قصوری نے اپنے استعفے میں لکھا تھا کہ 2013 کے بعد پارٹی اپنے راستے سے ہٹ گئی ہے اورپارٹی کے لئے قربانی دینے والوں کو نظراندازکیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں انکے لئے پارٹی کے حالیہ فیصلوں کا دفاع ممکن نہیں۔