اولیول کےطلبہ کو متنازع نصاب پڑھائے جانے کا انکشاف

 

لاہور: اولیول کے طلبہ کو پاکستانی فوج کے خلاف متنازع نصاب پڑھائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق دی ہسٹری اینڈ کلچر آف پاکستان نامی کتاب میں نائجل کیلی مصنف نے شیخ مجیب کا پاکستانی فوج کے خلاف متنازعہ بیان او لیول کے طلبہ کوپڑھایا جا رہا ہے۔

صوبہ پنجاب میں پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے ایکٹ 2015کے تحت بورڈ کی منظوری کے بغیر کسی قسم کا مسودہ، کتاب شائع کرنا غیر قانونی عمل ہے۔ یہ کتاب پاکستان کے چاروں صوبوں میں اولیول کے طلبہ کو پڑھائی جا رہی ہے جس کے صفحہ نمبر 196 میں سورس اے کے نام سے شیخ مجیب کی تقریر کا ایک متنازع حصہ تحریر کیا گیا ہے جس کو ان کی 26 مارچ 1971کی تقریر کا پارٹ قرار دیا گیا ہے۔

ماہرینِ تعلیم کا کہنا ہے کہ مصنف کی جانب سے جان بوجھ کر یہ متنازع پیرا طلبہ کو پڑھایا جا رہا ہے جو ایک قابل شرم امر ہے۔ اسی صفحہ 196 پر پیرا کے نیچے 2ننگے بچوں کی تصویر کشی کی گئی ہے جنہیں بنگلا دیشی ظاہر کر کے ان کے اردگرد میزائل دکھائے گئے ہیں۔

خبر نشر ہونے کے بعد ایم ڈی پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ عبدالقیوم نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ ہم نے نشاندہی کے بعداس کتاب پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔