کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی نویں سحری بھی اندھیرے میں گزری۔ سحری کے اوقات میں بجلی کی عدم فراہمی نے شہریوں کا رہنا محال کردیا۔
نیوکراچی، گلستان جوہر، گلشن عمیر، ملیر کینٹ، ماڈل کالونی، کورنگی اور لیاری کے مختلف علاقوں میں کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
اس ضمن میں ماڈل کالونی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے رات بھر خرابی کے باعث بجلی نہ ہونے کی وجہ سے سحری بھی اندھیرے میں کی۔ مکینوں کے مطابق رات 12بجے بجلی غائب ہوتے ہی کے الیکٹرک کے دفتر فون کرکے اطلاع دے دی تھی، تاہم فالٹ درست ہونے میں پوری رات گزر گئی اور صبح 6بجے بجلی بحال ہوئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔
دوسری جانب نارتھ کراچی میں شفیق موڑ کے قریب پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا، مشتعل مظاہرین نے شفیق موڑ سے شاہ ولی اللہ جانے والی سڑک بلاک کردی۔
مکینوں کا کہنا تھا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ ڈیڑھ ہفتے سے روشن پاک سوسائٹی میں پانی نہیں دیا گیا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق تمام تر علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنا یا جا رہا ہے، مقامی فالٹ کو لوڈشیڈنگ نہیں کہا جاسکتا، مقامی فالٹ دور کرنے کے لئے کے الیکٹرک کا عملہ کام کر رہاہے۔