نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہم نے 5 سال پورے ہونے سے قبل ہی عوام سے کئے تمام وعدے پورے کردیئے، مخالفین مجھے شوبازکہتے تھے،اور کہا جاتا تھا کہ شوباز صرف فلائی اوور بناتا ہے، تعلیم اور صحت کے لئے کچھ نہیں کرتا، لیکن وہ کس منہ سے بات کرتے ہیں، عمران خان بتائیں انہوں نے خیبرپختون خوا میں 5 سال کے اندر کتنے اسپتال اور کالجز بنوائے، وہ لاہور میٹرو کو جنگلہ بس کہتے تھے اور کہتے تھے کہ ہم خیبر پختونخوا میں کبھی جنگلا بس نہیں بنائیں گے لیکن 5 سال بعد میٹرو کے نام پر پورا پشاور کھود کر شہر کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا، اب وہ جنگلہ بس منصوبہ کیا معلوم کب مکمل ہو؟ آصف زرداری نے سندھ کا بیڑا غرق کردیا ، کراچی کوکرچی کرچی کردیا اور اربوں کھربوں روپے ایسے خرچ کئے گئے جو نظر نہیں آتے۔
انہوں نےمزید کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی اور کام نہیں ہوسکتا، ہم عام آدمی کے لیے کروڑوں اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں، جنوبی اور وسطی پنجاب ، سب ہمارے لیے برابر ہیں، آج پنجاب کے اسپتالوں میں انقلاب برپا ہے، اسپتالوں کی نہ صرف عمارتوں کو بہتر کیا بلکہ جدید مشنری بھی لائے، پنجاب کے ہر اسپتال میں ادویات میسر ہیں اور عام آدمی کو وہی دوا مل رہی ہے جو اشرافیہ استعمال کرتی ہے، مریضوں کوعلاج کے لیے ایک ڈھیلا نہیں دینا پڑے گا، 24 گھنٹے مفت سی ٹی اسکین اور گردوں کا مفت علاج ہو رہا ہے۔