پی ٹی آئی نےامیدواروں سے پارٹی نہ چھوڑنے کےحلف نامے مانگ لئے

راولپنڈی: انتخابات قریب آتے ہی پی ٹی آئی کو بھی اپنی وکٹیں گرنے کے خطرات لاحق ہوگئے ہیں مگر دوسری جانب وہ  دوسری پارٹیوں کی وکٹیں گرانے میں بھی مصروف ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے انتخابی امیدواروں سے الیکشن ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں پارٹی نہ چھوڑنے کا حلف نامہ مانگا ہے۔
پارٹی کی جانب سے الیکشن میں صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں کے انتخابات کے لئے ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں سے حلف لئے جارہے ہیں ۔ حلف نامے کے تحت امیدوار پابند ہوں گے کہ وہ قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشست کے انتخابات کے لئے ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں پارٹی نہیں چھوڑیں گے نہ ہی پارٹی کے خلاف کسی قسم کی مہم کا آغاز کریں گے۔

ذرائع کے مطابق امیدوارحلف نامہ سو روپے کے اسٹامپ پیپرکے ہمراہ پارٹی آفس میں جمع کرائیں گے۔ پی ٹی آئی کے ایک سینیئر رہنما نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پربتایا ہے کہ تحریک انصاف پنجاب میں مختلف گروپوں میں تقسیم ہوگئی ہے اور پارٹی قیادت نے انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پرکسی گروپ کے دباؤ میں نہ آنے کیلئے امیدواروں سے تحریری یقین دہانی مانگی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ صوبائی اسمبلی کیلئے امیدوار50 ہزار روپے اورقومی اسمبلی کیلئے ایک لاکھ روپے کے حلاف نامے جمع کرارہے ہیں۔ تاہم بعض پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حلف ناموں سے کوئی خاص اثرنہیں پڑے گا کیونکہ راولپنڈی اوراسلام آباد میں پارٹی تین سے چار گروپوں میں تقسیم ہوچکی ہے ۔