الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے لیے 330 انتخابی نشانات کی فہرست تیار کر لی۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کیلئے صدر مملکت ممنون حسین کو سمری بھجوائی ہوئی ہے، جس میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے صدر کو جولائی کے آخری ہفتے کی 3تاریخیں 25 تا 27 تجویز کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے اس بار انگریزی کے چھ حروف تہجی بھی انتخابی نشانات میں شامل ہیں۔ انتخابی نشانات میں بلے سمیت کھیل کا دیگر سامان بھی شامل ہے جبکہ ہاکی، غیلیل اور پانسہ بھی فہرست کا حصہ ہے، سبزی پھل میں سیب، بینگن،مالٹا، پیاز، پپیتہ،انگور اور ناریل شامل ہیں اور چاند، سورج اور ستارہ بھی انتخابی فہرست کا حصہ ہیں۔
جانوروں کی بھی بڑی تعداد انتخابی نشان کے طور پر استعمال ہوگی، اس میں شیر، گھوڑا، زرافہ، کچھوا، خرگوش، چڑیا، بھیڑ ، طوطا ، فلیمنگو، ڈولفن، ریچھ اور شہد کی مکھی شامل ہیں۔
اس علاوہ فہرست میں ایسے نشانات بھی شامل ہیں، جن کا انتخابی نشان کے طور پراستعمال کچھ ٹھیک نہیں لگتا۔ ان میں جوتا، ناخن تراش ،جھاڑو، آری،قینچی، ویل چیئر، ماچس اور چاقو شامل ہیں۔
رباب اور گٹار سمیت کا فی سارے آلات موسیقی بھی آئندہ الیکشن میں انتخابی نشان کے طور پر استعمال ہوگنے۔
یاد رہے دو روز قبل الیکشن کمیشن نے ووٹرزکی تفصیلات جاری کی تھی ، جس کے مطابق ملک میں ووٹرز کی کل تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار407 ہے، جن میں 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار145 خواتین ووٹرز جب کہ 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار262 مرد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔