اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کے لئے اب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات نہیں ہوگی اوراسپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمانی کمیٹی کے لئے خط لکھیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نگراں وزیرِاعظم کے حوالے سے اب شاہد خاقان عباسی سے کوئی ملاقات نہیں ہوگی۔ وہ پیریا منگل تک اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق اوروزیراعظم کو خطوط لکھ دیں گے۔ اسپیکر کو پارلیمانی کمیٹی کے لئے 2 ارکان کے نام بھیجوں گا جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نگراں وزیرِاعظم کے لیے ذکاء اشرف اورجلیل عباس جیلانی کے نام بھیجیں گے۔ واضح رہے کہ نگراں وزیر اعظم کے لئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے درمیان کئی ملاقاتیں ہوچکی ہیں تاہم ان ملاقاتوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا اورنگراں وزیراعظم کے نام کا معاملہ ڈیڈ لاک کا شکار ہے ۔