اسد درانی سیاست میں مداخلت کیا کرتے تھے-جنرل (ر) امجد شعیب

 

اسلام آباد: دفاعی تجزیہ کار جنر ل (ر) امجد شعیب نے کہا ہے بھارتی ایجنسی کے سابق سربراہ کے ساتھ مل کر کتاب لکھنے والے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی سیاست میں مداخلت کیا کرتے تھے ،جس پر اس وقت کے آرمی چیف نے ان کو ڈی جی آئی ایس آئی کے عہد ے سے ہٹا دیا اور جی ایچ کیو میں لے آئے اور جب وہاں بھی ان کی حرکتیں جاری رہیں تو ان کو نوکری سے نکال دیا گیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جنر ل (ر)امجد شعیب نے کہا کہ اسد درانی نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ اسامہ بن لادن کے پاکستان میں رہائش کے بارے کچھ آرمی افسران کو پتہ تھا لیکن یہ بات جھوٹ ہے ،انہوں نے بریگیڈیئر (ر)عثمان پر بھی الزامات لگائے ہیں جو بالکل غلط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کی کوئی وجہ نہیں بنتی کیو نکہ اب وہ ایک سول پرسن ہیں ۔ انہوں نے انکشا ف کیا کہ اسد درانی سیاست میں حصہ لیتے تھے جس پر اس وقت کے آرمی چیف نے ان کو ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے ہٹا دیا تھا اور جی ایچ کیو میں تعینات کردیا تھا لیکن جب انہوں نے سیاست میں دلچسپی لینا جاری رکھی تو پھر ان کونوکر ی سے نکال دیا گیا،اس لئے اسد درانی کو کوئی بھی ان” لوز “حرکتوں پر عدالت میں گھسیٹ سکتا ہے اور جو ایسی حرکتیں کرتے ہیں ان کو بھگتا بھی چاہئے۔