شہری کو اہلخانہ سمیت اغوا کرنے والےپولیس اہلکاروں کیخلاف تحقیقات

لاہور:تھانہ غالب مارکیٹ کے دو اہلکاروں نے ایک شہری کو اہلخانہ سمیت مبینہ طور پر پولیس وین میں اغوا کیا اور 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق شہری امجد، اس کی اہلیہ اور دو کم سن بچوں کو پولیس اہلکاروں امتیاز اورمشتاق نے پولیس وین میں فورٹریس اسٹیڈیم سے اغوا کیا اور24 گھنٹے غالب مارکیٹ تھانے میں غیرقانونی قید رکھا۔ اہلکاروں نے شہری سے 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا، لیکن 80 ہزار روپے پر مُک مُکا ہوگیا۔ جب خاتون فیروزہ نے 80 ہزار روپے کانسٹیبل مشتاق کودیئے تو ان کی کمسن بیٹی نے موبائل فون سے اس کی فوٹیج بنالی۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کانسٹیبل مشتاق نے ٹیبل کے نیچے رقم گِنی اور پھر درازمیں رکھ لی۔ رہائی پاتے ہی شہری امجد نے سی سی پی او کو درخواست دے دی، جس پر ایس ایس پی ایڈمن نے انکوائری کا آغازکردیا ۔انکوائری میں نام سامنے آنے پر  اے ایس آئی امتیاز اور کانسٹیبل مشتاق نے تحریری معافی مانگ لی۔معافی نامے کے مطابق امجد کی فیملی کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا لیکن وہ تفتیش کے دوران بیگناہ نکلے۔اہلکاروں نے مزید کہا کہ وہ رشوت میں لی گئی 80 ہزار روپے کی رقم اور3 تولے سونا واپس کرنے کو تیار ہیں۔ پولیس کے مطابق شہری امجد کے خلاف پہلے سے منشیات اوراسلحہ فروشی کے مقدمات درج ہیں تاہم انکوائری جاری ہے۔