بھارت نے آبی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دریائے چناب کا پانی روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد صرف 20 ہزار کیوسک ہے جبکہ مئی 2017 میں دریائے چناب میں پانی کی آمد 25 ہزار کیوسک سے زائد تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے دریائے چناب پر بنائے گئے بگلیہار ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنا شروع کر دیا ہے، جس کی وجہ سے پانی کی آمد کم ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہیڈ پنجند کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کا اخراج صفر ہے۔ کہا جارہا ہے کہ موجودہ صورت حال رہی تو پنجاب اور سندھ کو پانی کی کٹوتی کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے دریائے چناب پر بگلیہار ڈیم مشرف دور میں بنایا تھا۔ 1960 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بگلیہار ڈیم پرپانی روکا جس سے دریائے چناب کا ایک بڑا حصہ خشک ہو چکا ہے۔