نگراں وزیراعلیٰ سندھ کیلئے پی ٹی آئی نے 2نام دیدے

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن سے ملاقات کی جس میں نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کی تعیناتی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمران اسماعیل نے تحریک انصاف کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ سندھ کے لیے اپوزیشن لیڈر کو سابق چیف سیکریٹری فضل الرحمان اور امیرہانی مسلم کے نام تجویز کیے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھاکہ ہماری جانب سے دیے جانے والے ناموں پر اپوزیشن کے تمام لوگ متفق ہیں کیونکہ شفاف الیکشن کے لیے نیوٹرل لوگوں کی بطور وزیراعلیٰ تعیناتی بہت ضروری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ایسے دو لوگوں کو نگراں وزیراعلیٰ بنانے کی خواہش مند ہے جو کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے، امید ہے اپوزیشن اور حکومت ہمارے غیر متنازع ناموں پر متفق ہوجائیں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما کا مزید کہنا تھاکہ شفاف انتخابات ہی ملک اور عوام کی ترقی کے ضامن ہیں۔