وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے ۔
اطلاعات کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کا 38 واں اجلاس شام کو وزیراعظم آفس میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق کونسل کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں اور پانی کے معاملات سمیت دیگر امور پر بھی بات کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا تھا جس سے تین صوبوں کے وزرائے اعلیٰ واک آؤٹ کرگئے تھے۔
اجلاس میں بجٹ اور ڈیولپمنٹ پروگرام میں تحفظات پر خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ نے اجلاس سے واک آؤٹ کیا اور پریس کانفرنس کے ذریعے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔