سیالکوٹ : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عدم برداشت پی ٹی آئی کی سیاست کا کلچر ہے اور ان کی تربیت میں شامل ہے
سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمارے وفاقی وزیر دانیال عزیز کو پی ٹٰی آئی کے سینیئر رہنما نے تھپڑ مارا تو اسے شاباش دی گئی، عدم برداشت پی ٹی آئی کی سیاست کا کلچر ہے اور ان کی تربیت میں شامل ہے ، اختلافات جمہوریت کا حسن ہے لیکن ایسےاختلافات نہیں ہونے چاہئیں، یہاں سیاست ذاتی اور خونی دشمنی میں تبدیل ہو رہی ہے سیاست ممکنات کا عمل ہے لیکن اسے ناممکنات کی طرف لے جایا جا رہا ہے جو پاکستان کے لئے بہت بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔
انہوںنے کہا کہ میاں شہباز شریف کی قیادت میں جو ترقی ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی، پانچ سال قبل لوڈ شیڈنگ کا عذاب تھا جو اب ختم ہوگیا ہے، کراچی میں امن وفاقی حکومت کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، 25 جولائی کو عوام کی عدالت میں کارکردگی لے کر جائیں گے، ہمارے بے مثال کاموں کی تعریف ہمارے مخالفین بھی کررہے ہیں ہمارا مقابلہ سندھ اور کے پی والے نہیں کرسکتے، اصل تبدیلی تو ہم لے کر آئے ہیں جب کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کا اپنا صوبہ کے پی کے کھنڈر بن چکا ہے۔