نگراں وزیراعظم کون ہوگا؟ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی آج پھرملاقات

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے درمیان نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر آج ایک اور ملاقات ہو گی،آج اتفاق کی امید ورنہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن میں گزشتہ روز رابطہ ہوا اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو خصوصی طور پر ملاقات کے لیے کراچی سے اسلام آباد بلایا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ہونے والی ملاقات میں کسی ایک نام پر اتفاق ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے ذکاء اشرف اور جلیل عباس جیلانی کے نام سامنے آئے ہیں جب کہ حکومت نے جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی اور جسٹس (ر) ناصرالملک کے نام تجویز کیے ہیں۔
اپوزیشن کی دوسری بڑی جماعت تحریک انصاف کی جانب سے پیپلز پارٹی کے پیش کردہ ناموں کو مسترد کیا گیا ہے تاہم حکومتی ناموں پر پی ٹی آئی متفق دکھائی دیتی ہے۔