سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف اقامے کے بعد اب سندھ حکومت کے2 وزرا بھی اقامے کے مالک نکلے ہیں ۔ جن میں ناصر حسین شاہ اور منظور وسان بھی شامل ہیں جبکہ سندھ ہائیکورٹ میں ان کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کردی گئی ۔
سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ 2009 میں یو اے ای کے اقامہ ہولڈر ہیں ،انہوں نے 2013کے کاغذات نامزدگی میں اپنا پیشہ زراعت ظاہر کیا تھا جبکہ یواے ای کے اقامہ کو ظاہر نہیں کیا اس پر وہ صادق اور امین نہیں رہے،عدالت سے استدعا ہے کہ انہیں نااہل قرار دیا جائے ۔
دوسری درخواست صوبائی وزیر منظور وسان کیخلاف درج کی گئی ہے اس میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی کے رہنمامنظور وسان دبئی کی کمپنی کے شیئر ہولڈر ہیں اور کاغذات نامزدگی میں اقامہ ظاہر نہ کرنے پر نااہل قراردیا جائے،درخواست پر سماعت آج ہونے کا امکان ہے ۔