اسلام آباد: نگراں وزیراعظم کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں جسٹس (ر) ناصر الملک کے نام پر اتفاق ہو گیا ہے۔جس کا اعلان وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے اسپیکر قومی اسمبلی کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے درمیان ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی ، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔
پریس کانفرنس کے دوران قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے نگراں وزیراعظم کے لیے جسٹس (ر) ناصرالملک کے نام کا اعلان کیا۔
پریس کانفرنس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہوگیا ہے، کئی ہفتوں سے اس حوالے سے مشاورت کا عمل جاری تھا، اس پر فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا لیکن اپوزیشن جماعتوں اور قائد حزب اختلاف کا شکرگزار ہوں۔
قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے نام کا چناؤ مشکل کام تھا، ایسا فیصلہ ہو جو پاکستان کے عوام اور سیاسی پارٹیوں کے لیے قابل قبول ہو۔
اس سے قبل وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ کے درمیان نگراں وزیراعظم کے معاملے پر متعدد ملاقاتیں ہوئیں جس میں نگراں وزیراعظم کے لیے کسی نام پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا تھا تاہم آج کی ملاقات میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈلاک ختم ہوا اور نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرلیا گیا۔
Tags نگراں وزیراعظم