کراچی میں آج سے پھر ہیٹ ویو، پارہ 43 ڈگری تک جاپہنچا

کراچی: شہر قائد میں آج سے پھر ہیٹ ویو کی لہر شروع۔ سمندری ہوائیں رک گئیں ، جس کے باعث شہر کا درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
شہر میں سمندری ہوائیں رک گئیں ہیں جس کے باعث گرمی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 52 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہر شدید گرمی کی لہر جمعرات تک برقرار رہ سکتی ہے۔ جبکہ جمعہ سے درجہ حرارت پھر معمول پر آنے لگے گا۔
دوسری جانب ہیٹ ویو کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آج سے 31 مئی تک اسپتالوں میں ہنگامی حالت رہےگی۔
ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ عظمیٰ ڈاکٹر بیربل کے مطابق شہر کے 13 بڑے اسپتالوں میں ہیٹ ویو وارڈز قائم کردیئے گئے ہیں، جبکہ پیرامیڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ تاہم بلدیہ عظمیٰ کے اسپتالوں میں ہیٹ ویو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
کراچی میں شدید گرمی کی وجہ سے ماہرین نے شہریوں کو کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں اور ہلکے رنگ کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے کی بھی ہدایت کی ہے۔