اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اسد درانی کی متنازع کتاب سے متلق قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا۔
اجلاس میں ملکی سلامتی اور سرحدی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ سابق آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کی متنازع کتاب کا معاملہ بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فاٹا اصلاحات بل منظوری کے بعد عملدرآمد امور کا جائزہ لیا جائے گا اور افغانستان کی جانب سے بعض تحفظات کے امور بھی زیرغور آنے کا امکان ہے۔
اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت مسلح افواج کے سربراہان، کمیٹی کے ممبر وفاقی وزرا اور سینئر عسکری و سول حکام شرکت کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کی شائع ہونے والی کتاب دی اسپائے کرونیکلز میں ان سے منسوب خیالات کی وضاحت کے لئے جنرل ہیڈ کوارٹرز طلب کیا گیا تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق معاملے کی مکمل تحقیقات کے لئے ایک حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل کی سربراہی میں کورٹ آف انکوائری تشکیل دے دی گئی ہے۔ جبکہ اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے مجاز اتھارتی سے رابطہ کیا تھا جس کے بعد وزارت داخلہ نے اسد درانی کا نام ای سی ایل لسٹ میں شامل کردیا۔