وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا حویلیاں میں ایک تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ حویلیاں موٹر وے نومبر تک مکمل ہو جائے گی یہ کوئی چھوٹا منصوبہ نہیں اس کی پی سی ون لاگت 142ارب روپے ہے،خوشی ہے نواز شریف نے جو وعدے کئے وہ پورے کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں دس سال آمریت رہی پھر جمہوری حکومت بھی آئی لیکن ترقی کسی دور میں نہیں ہوئی، کیا پہلے وسائل موجود نہیں تھے،پہلے سب کہاں جاتا تھا؟ہماری کوشش تھی حکومت مدت پوری کرے ۔
خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ ایسی کیا وجہ ہے کہ ترقی صرف مسلم لیگ ن کے دور میں ہوتی ہے؟یہ آپ کے ووٹ کا نتیجہ ہے کہ جو ترقی ہمارے دور میں ہوئی وہ 65سال میں نہیں ہوئی اور یہی فرق ہے پچھلی اور موجودہ حکومت میں ،ہم25جولائی کو عوام کی عدالت میں پیش ہوں گے خیال رکھیئے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خدمت اور ترقی کی سیاست صرف نواز شریف کی ہے اور خوشی ہے کہ جو وعدے میاں صاحب نے کئے وہ پورے کر رہے ہیں،مجھے نظر نہیں آتا لوگ دھرنے والوں کو ووٹ دیں گے۔