2 خربوزوں کی قیمت اتنی کہ سن کے آپ کے ہوش اُڑجائیں

کسی پھل کو اسٹیٹس سمبل کی حیثیت حاصل ہوجانا ایک حیران کن بات ہے لیکن جاپان میں یہ ایک حقیقت ہے حال ہی میں یوباری قسم کے دو خربوزے صرف 34 لاکھ روپے میں نیلام ہوئے۔
خربوزہ گرمی کے موسم میں قدرت کا انمول تحفہ ہے جو انسانی جسم کے درجہ حرات کو بھی کنٹرول کرتا ہے اور توانائی کو بھی برقرار رکھتا ہے۔ جاپان میں اُگنے والے خربوزے ’یوباری‘ جہاں اپنی لذت اور غذائیت کے باعث ہر ایک کی پسند ہیں وہیں جاپان میں اسے ’اسٹیٹس سمبل‘ بھی سمجھا جاتا ہے۔
جاپان میں اسٹیٹس سمبل سمجھے جانے والے یہ خربوزے لوگ ایک دوسرے کو بطور تحفہ پیش کرتے ہیں۔ اور لوگ موسم کے پہلے پھل مہنگے داموں خرید نے کے لیے منہ مانگی قیمت ادا کرتے ہیں-
حال ہی میں ٹوکیو میں ہونے والی پھلوں کی نمائش میں یوباری خربوزے کی نیلامی ہوئی جہاں اس پھل کے ایک شخص نے یوباری خربوزے کی ایک جوڑی 34 لاکھ روپے میں خرید لی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان خربوزوں کی قیمت میں جاپان میں ایک نئی کار خریدی جاسکتی ہے۔
ایک درخت میں اگنے والی اس جوڑی کی ساخت اور رنگ دیگر یوباری خربوزے سے قدرے مختلف بھی ہے جو اس کی انفرادیت کی وجہ بنی۔
واضح رہے کہ دو سال قبل مئی 2016 میں ہونے والی نیلامی میں بھی یہ پھل 27 ہزار امریکی ڈالر میں نیلام ہوا تھا۔