اسلام آباد: تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری مریم نواز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز، نواز شریف کی وجہ سے کٹہرے میں نہیں بلکہ نواز شریف ان کی وجہ سے کٹہرے میں ہیں۔
نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کے بچوں نے 300 ارب روپے باہر رکھے، یہ بچوں کی حرص تھی جس نے نواز شریف کو آج کٹہرے میں کھڑا کردیا۔ انہوں نے پیسے جوڑنے کی تمام حدیں پار کیں جس کی وجہ سے آج پورا خاندان ٹرائل کا سامنا کر رہا ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ یہ کہنا قطعاً غلط ہے کہ مریم نواز اس لئے کٹہرے میں ہیں تاکہ نواز شریف کو جھکایا جاسکے۔ مریم نواز اس وجہ سے کٹہرے میں ہیں۔ انہوں نے اور ان کے والد نے پاکستان کے خزانے میں بددیانتی کی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز کو جھوٹ بولنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آتی۔ انہوں نے پہلے کہا کہ ان کی بیرون ملک کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں اور بعد میں خود اعتراف کیا کہ ان کی سوا ارب سے زائد کی جائیداد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز نے 22 جعلی ڈیڈ عدالت میں جمع کرائیں اگر سپریم کورٹ لحاظ نہ کرتی اور عام آدمی پر جو قانون نافذ ہوتا ہے وہی مریم نواز پر نافذ ہوتا تو وہ سات سال کی جیل کاٹ رہی ہوتیں۔
Tags فواد چوہدری